ریاض(رم نیوز)سعودی وزارتِ دفاع نے ملک کے مشرقی حصے اور تیل کی اہم تنصیبات پر کیے جانے والے بڑے ڈرون حملوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ سعودی حکام کے مطابق، فضائی دفاعی نظام نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کی حدود میں داخل ہونے والے 18 ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔
سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وزارتِ دفاع نے ایک علیحدہ بیان میں تصدیق کی ہے کہ تخریب کاروں نے مملکت کی اہم ترین شیبہ آئل فیلڈ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، جسے ایک ڈرون کے ذریعے ہدف بنانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ تاہم، سعودی فورسز نے ڈرون کا راستہ روک کر اسے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا۔
سعودی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں مشرقی علاقے کی جانب بھیجے گئے تمام 18 ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کیا گیا ہے۔ابھی تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ ڈرونز کس جانب سے داغے گئے تھے، تاہم تحقیقات کا عمل جاری ہے۔تیل کی تنصیبات پر حملوں کی یہ تازہ لہر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں پہلے ہی 100 ڈالر فی بیرل کی سطح کو چھو رہی ہیں۔ ان حملوں کے باعث توانائی کی عالمی مارکیٹ میں مزید غیر یقینی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔