ٹرمپ اور مجتبیٰ خامنہ ای کے درمیان لفظی جنگ تیز: ایران 'شرپسند سلطنت' قرار، آبنائے ہرمز بند کرنے کا اعلان

واشنگٹن/تہران (رم نیوز) ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے پہلے باضابطہ پیغام نے واشنگٹن میں ہلچل مچا دی ہے اور ٹرمپ اور مجتبیٰ خامنہ ای کے درمیان لفظی جنگ تیز ہوگئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس پیغام پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایران کو 'شرپسند سلطنت' قرار دے دیا ہے، جبکہ تہران نے بدلہ لینے کے لیے عالمی تجارت کی اہم ترین شہ رگ 'آبنائے ہرمز' بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ وہ تہران کو ایٹمی ہتھیاروں کے حصول سے ہر قیمت پر روکیں گے تاکہ دنیا کو تباہی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ تیل کی بڑھتی ہوئی عالمی قیمتوں سے امریکہ کو بطور سب سے بڑے تیل پیدا کرنے والے ملک کے، مالی فائدہ ہو رہا ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر نے اپنے آڈیو خطاب میں انکشاف کیا کہ سابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو 10 رمضان کو تلاوتِ قرآن کے دوران شہید کیا گیا۔ انہوں نے شہدا کے خون کا حساب لینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے دشمن پر دباؤ ڈالنے کے لیے آبنائے ہرمز کو بند رکھنے کا حکم دیا۔مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی عوام اور فورسز کے اتحاد کو اپنی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن جھوٹ کا سہارا لے رہا ہے، لیکن عوامی یکجہتی سے اسے شکست دی جائے گی۔