بغداد/ واشنگٹن (رم نیوز)عراق میں امریکی فوجی طیارہ تباہ ہوگیا۔ ایران نے اس کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے اور اس میں 6 اہلکاروں کی ہلاکت کا خدشہ ظاہرکیاگیا ہے۔ مشرقِ وسطیٰ میں جاری شدید کشیدگی کے دوران مغربی عراق میں امریکی فضائیہ کا ایندھن بھرنے والا طیارہ (Refueling Plane) گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ امریکی حکام نے واقعے کی تصدیق کر دی ہے جبکہ ایران نے اسے اپنی حامی فورسز کی کامیابی قرار دیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق یہ واقعہ 'آپریشن ایپک فیوری' کے دوران پیش آیا۔ پیغام میں بتایا گیا کہ ایک ری فیولنگ طیارہ مغربی عراق میں گرا جبکہ دوسرا طیارہ بحفاظت لینڈ کرنے میں کامیاب رہا۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تباہ ہونے والے طیارے میں 6 افراد سوار تھے، جن کی قسمت کے بارے میں فی الحال حتمی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔
تاہم امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ دوسری جانب ایران کے ختم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ طیارے کو عراق کی مزاحمتی فورسز نے نشانہ بنا کر گرایا اور اس میں موجود تمام امریکی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔