سٹاک مارکیٹ میں ہیجان خیز اتار چڑھاؤ، ابتدائی مندی کے بعد ہنڈریڈ انڈیکس مثبت زون میں داخل

کراچی (رم نیوز) سٹاک مارکیٹ میں ہیجان خیز اتار چڑھاؤ جاری ہے ۔ ابتدائی مندی کے بعد ہنڈریڈ انڈیکس مثبت زون میں داخل ہوگیا ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز شدید اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔ مارکیٹ نے کاروبار کا آغاز منفی رجحان سے کیا، تاہم کچھ ہی دیر میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے باعث انڈیکس دوبارہ سنبھل گیا۔ ٹریڈنگ کے ابتدائی مرحلے میں ہنڈریڈ انڈیکس 620 پوائنٹس تک گر گیا، جس سے انڈیکس 1 لاکھ 53 ہزار 800 کی سطح پر آ گیا تھا۔

مندی کے بادل چھٹتے ہی مارکیٹ میں بہتری آئی اور انڈیکس 478 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 54 ہزار 899 کی سطح پر پہنچ گیا۔ مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ اب بھی برقرار ہے اور انڈیکس فی الحال 1 لاکھ 54 ہزار 216 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ گزشتہ روز مارکیٹ 1 لاکھ 55 ہزار 858 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔ گذشتہ روز کے دوران انڈیکس نے 1 لاکھ 58 ہزار 624 کی بلند ترین سطح کو بھی چھوا تھا، مگر اختتام 318 پوائنٹس کی کمی پر ہوا تھا۔