کراچی/ ابوظہبی (رم نیوز) آبنائے ہرمز کی بندش کے باوجودپاکستان کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے پاک بحریہ کے پہرے میں 12 کروڑ لٹر تیل کراچی پہنچ گیا ہے۔ پی این ایس سی (PNSC) حکام کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرا سے روانہ ہونے والے دو جہاز 10 سے 12 کروڑ لٹر تیل لے کر کراچی کی بندرگاہ پہنچے ہیں۔فجیرا میں جہازوں پر حالیہ حملوں اور بدلتی صورتحال کے پیش نظر پاک بحریہ نے ان جہازوں کو خصوصی سیکیورٹی فراہم کی تاکہ ایندھن کی محفوظ منتقلی یقینی بنائی جا سکے۔
مشرقِ وسطیٰ میں جاری شدید بحری کشیدگی اور ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی بندش کے باوجود پاکستان نے اپنی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ پاک بحریہ کے حفاظتی حصار میں تیل کے دو بڑے جہاز متحدہ عرب امارات سے کامیابی کے ساتھ کراچی پہنچ گئے ہیں۔
وفاقی وزیر میری ٹائم جنید انور نے اس کامیاب مشن پر پاک بحریہ کے کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزارتِ خارجہ کو ایران سے رابطے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ خلیج فارس میں پھنسے دیگر جہازوں کی واپسی کی راہ ہموار کی جا سکے۔ واضح رہے کہ یہ منتقلی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران کے نئے رہبرِ اعلیٰ نے اپنے پہلے پیغام میں آبنائے ہرمز کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ ایسے میں تیل کی یہ کھیپ پاکستان میں توانائی کے شعبے میں استحکام لانے کے لیے انتہائی ناگزیر تھی۔