کراچی میں ’خونی ٹریفک‘ بے قابو: ڈمپر کی ٹکر سے خاتون سمیت 2 افراد زخمی، ٹرالر بینک میں جا گھسا

کراچی (رم نیوز)کراچی میں ’خونی ٹریفک‘ بے قابو ہوگئی ، ڈمپر کی ٹکر سے خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے اور ٹرالر بینک میں جا گھسا ۔ شہرِ قائد میں بے لگام ہیوی ٹریفک شہریوں کے لیے وبالِ جان بن گئی۔ راشد منہاس روڈ پر تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے خاتون سمیت دو افراد شدید زخمی ہو گئے، جبکہ ایک دوسرے واقعے میں بے قابو ٹرالر سڑک کنارے واقع بینک کی عمارت میں جا گھسا۔ ان حادثات نے عید کی خریداری کے لیے نکلے ہوئے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق جوہر موڑ کے قریب ایک تیز رفتار ڈمپر نے خاتون سمیت دو افراد کو ٹکر ماری۔ حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر عوام کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور فرار کی کوشش کرنے والے ڈمپر ڈرائیور کو پکڑ لیا۔

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ایسٹ نے بتایا کہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈرائیور کو حراست میں لے کر ڈمپر تھانے منتقل کر دیا ہے۔ ایدھی حکام نے 42 سالہ زخمی خاتون 'ثمرین' کو تشویشناک حالت میں قریبی نجی ہسپتال منتقل کیا ہے۔ شہر میں ایک اور خوفناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک ٹرالر ڈرائیور توازن برقرار نہ رکھ سکا اور گاڑی بینک کی عمارت سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے نتیجے میں بینک کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

ان واقعات کی وجہ سے راشد منہاس روڈ پر ٹریفک کی روانی گھنٹوں متاثر رہی۔ہ عید کی خریداری میں مصروف شہریوں نے انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں جب عوام کا ہجوم سڑکوں پر ہے، بھاری گاڑیوں کو کھلی چھوٹ دینا مجرمانہ غفلت ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ راشد منہاس روڈ اور دیگر مصروف شاہراہوں پر ہیوی ٹریفک کے داخلے پر فوری پابندی لگائی جائے۔