آزاد کشمیر میں بارشوں کا ہائی الرٹ: لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ، شہریوں کو بالائی علاقوں کے سفر سے گریز کی ہدایت

مظفرآباد (رم نیوز )آزاد کشمیر میں بارشوں کا ہائی الرٹ جاری کیاگیاہے اوراس کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی بتایاگیا ہے ، شہریوں کو بالائی علاقوں کے سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA) نے آزاد جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں آج رات سے شدید بارشوں کا ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے پیشِ نظر انتظامیہ نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

ایس ڈی ایم اے کے مطابق، آزاد کشمیر میں بارشوں کا یہ نیا سلسلہ آج رات سے شروع ہو کر 16 مارچ تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ اس دوران بالائی اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ہے جس سے ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔ حکام نے انتباہ جاری کیا ہے کہ بارشوں کے باعث بالائی علاقوں کی اہم شاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ (پہاڑی تودے گرنے) کا شدید خطرہ موجود ہے۔ شاہراہوں پر مٹی کے تودے گرنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے، جس کے لیے بھاری مشینری کو مختلف مقامات پر الرٹ کر دیا گیا ہے۔

انتظامیہ کی احتیاطی ہدایات ایس ڈی ایم اے نے شہریوں اور بالخصوص سیاحوں کے لیے درج ذیل ہدایات جاری کی ہیں۔ بالائی علاقوں کی جانب غیر ضروری سفر سے مکمل اجتناب کیا جائے۔ ندی نالوں اور ڈھلوانوں کے قریب مقیم افراد بارش کے دوران محتاط رہیں۔ سفر پر روانہ ہونے سے قبل سڑکوں کی تازہ ترین صورتحال معلوم کرنے کے لیے متعلقہ کنٹرول روم سے رابطہ کیا جائے