آبنائے ہرمز میں بحری بیڑے کی تعیناتی: ٹرمپ کا عالمی اتحاد بنانے کا اعلان، جاپان کا انکار

واشنگٹن (رم نیوز) آبنائے ہرمز میں بحری بیڑے کی تعیناتی کے معاملے میں ٹرمپ نے عالمی اتحاد بنانے کا اعلان کیا ہے لیکن اس سلسلے میں جاپان نے انکار کردیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی و تیل بردار جہازوں کی حفاظت کے لیے ایک بڑے کثیر ملکی بحری اتحاد کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق، وائٹ ہاؤس رواں ہفتے کے آغاز میں اس سکیورٹی مشن کا باضابطہ اعلان کرنے والا ہے۔ صدر ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ وہ اس مشن کے لیے 7 ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

اسرائیل نے اس بحری اتحاد کا حصہ بننے اور امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔امریکہ کا مطالبہ ہے کہ عالمی طاقتیں اس حساس گزرگاہ کی حفاظت میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ امریکی صدر کی اس اپیل پر دنیا بھر سے اب تک خاموش ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔

چین سمیت کئی بڑی طاقتوں نے تاحال اس مشن کے لیے اپنے بحری جہاز بھیجنے کا کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا۔ امریکہ کے قریبی معاشی پارٹنر جاپان نے اس اتحاد میں شامل ہونے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ جاپانی حکمران جماعت کے پالیسی چیف کا کہنا ہے کہ جب تک خطے میں حالات انتہائی سنگین نہیں ہو جاتے اور "بڑی دہلیز" پار نہیں ہوتی، ٹوکیو اپنے بحری اثاثے وہاں نہیں بھیجے گا۔ آبنائے ہرمز دنیا کی وہ کلیدی شہ رگ ہے جہاں سے عالمی تیل کی رسد کا بڑا حصہ گزرتا ہے۔