ڈھاکہ(رم نیوز) بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں تاریخی کامیابی کرلی۔ شیرِ بنگال سٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن معرکے میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر ون ڈے سیریز 1-2 سے اپنے نام کی۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم بنگلہ دیشی اوپنر تنزید حسن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
ان کی سنچری کی بدولت بنگلہ دیش نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ لٹن داس (41) اور سیف حسن (36) کرسکے۔ حارث رؤف نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 291 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم آخری اوور میں 279 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ گرین شرٹس کی جانب سے سلمان علی آغا نے 106 رنز کی مردانہ وار اننگز کھیلی، لیکن دوسرے اینڈ سے مسلسل وکٹیں گرنے کے باعث وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے۔ شاہین شاہ آفریدی (37)، سعد منصور (38) اور عبدالصمد (34) نے بھی رنز بنائے، تاہم ٹاپ آرڈر بری طرح ناکام رہا۔
کپتان محمد رضوان صرف 4 رنز بنا سکے۔ تسکین احمد نے 4 وکٹیں اڑائیں، جبکہ ناہید رانا اور مستفیض الرحمان نے 2، 2 شکار کیے۔ بنگلہ دیش نے اس جیت کے ساتھ ہی نہ صرف میچ جیتا بلکہ سیریز کی ٹرافی بھی اپنے نام کی۔ پاکستان کی جانب سے مڈل آرڈر میں سلمان علی آغا کی سنچری کے علاوہ کوئی بھی بیٹر ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کر سکا، جو شکست کی بنیادی وجہ بنی۔