کراچی: تیز رفتاری نے 3 زندگیاں نگل لیں، کورنگی اور شاہراہِ فیصل پر المناک حادثات

کراچی(رم نیوز)کراچی میں تیز رفتاری نے 3 زندگیاں نگل لیں۔ کورنگی اور شاہراہِ فیصل پر المناک حادثات ہوئے۔شہرِ قائد میں آج صبح ایک گھنٹے کے اندر تین مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات رونما ہوئے، جن کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 3 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

سنگر چورنگی کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے راہگیر خاتون زبیدہ خانم جاں بحق جبکہ ان کی بیٹی زخمی ہو گئی۔ رینجرز نے فرار ہونے والے ڈرائیور فقیر محمد کو گرفتار کر لیا، جسے عوامی تشدد کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ عوامی مرکز کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار خالد نامی شخص جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوئے۔ بلدیہ نمبر 4 کے پاس نامعلوم گاڑی نے 75 سالہ بزرگ عمر رضا کو کچل دیا، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔پولیس نے تمام واقعات کی رپورٹ درج کر کے مفرور ڈرائیوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔