دبئی ایئرپورٹ کے قریب ڈرون حملہ: ٹینکر میں آگ لگنے کے بعد فلائٹ آپریشن معطل، ہنگامی حالت نافذ

دبئی(رم نیوز) دبئی ایئرپورٹ کے قریب ڈرون حملہ ہوا ہے، اس کی وجہ سے ٹینکر میں آگ لگنے کے بعد فلائٹ آپریشن معطل ہوگیا اور ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک آئل ٹینکر میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، پروازوں کی لینڈنگ کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ دبئی میڈیا آفس کے مطابق ڈرون گرنے کے واقعے کے بعد ایئرپورٹ کے گردونواح میں کھڑے ایک ٹینکر کو آگ لگ گئی۔

ایمرجنسی سروسز اور فائر فائٹرز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔خوش قسمتی سے اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔ حفاظتی خدشات کے پیشِ نظر ایئرپورٹ پر آنے والی پروازوں کو فضا میں ہی 'ہولڈنگ پیٹرن' پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اس واقعے کے ساتھ ہی خطے میں سکیورٹی کی صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی ہے۔ سعودی سٹیٹ ٹی وی نے ایک اہم دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ ایک گھنٹے کے دوران خطے میں مجموعی طور پر 34 ڈرون مار گرائے گئے ہیں۔