کراچی(رم نیوز) کراچی میں مچھر کالونی میں سی فوڈ گودام میں آتشزدگی کی وجہ سے برآمدی معیار کی مچھلی اور جھینگے جل کر راکھ ہوگئے۔ آتشزدگی کے باعث گودام میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سٹاک اور دیگر قیمتی سامان مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیمیں، پولیس، رینجرز اور ایدھی کے رضاکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
فائر بریگیڈ کے ترجمان کے مطابق، فائرفائٹرز نے ایک گاڑی کی مدد سے ایک گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ گودام میں دھواں بھر گیا جس سے امدادی کاموں میں دشواری پیش آئی۔ ایدھی رضاکار کا کہنا ہے کہ ہمیں اطلاع ملی تھی کہ رہائشی مکانات آگ کی زد میں ہیں، لیکن خوش قسمتی سے آگ مچھلی اور جھینگے کے گودام تک محدود رہی۔ گودام میں موجود بھاری مالیت کا سی فوڈ (مچھلی اور جھینگے) جل گیا۔ ایک موٹر سائیکل اور گودام کا دیگر فرنیچر و سامان بھی آگ کی نذر ہو گیا۔کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم مالی نقصان کا تخمینہ لاکھوں میں لگایا جا رہا ہے۔