کراچی(رم نیوز)کراچی میں بادلوں کی انٹری کی وجہ سے 18 مارچ سے گرج چمک، بارش اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کیاگیا ہے۔محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے کراچی کے شہریوں کو موسم کی اچانک تبدیلی سے باخبر کر دیا ہے۔ مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ کل سے ملک میں داخل ہونے کے لیے تیار ہے، جس کے نتیجے میں شہرِ قائد میں بارش اور غیر معمولی ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کراچی شہر میں 18 مارچ کو گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں ژالہ باری (اولے پڑنے) کا بھی قوی امکان ہے، جس سے موسم مزید سرد ہو سکتا ہے۔
مغربی ہواؤں کا یہ سلسلہ 18 اور 19 مارچ کو دیہی سندھ کے اضلاع کو بھی اپنی لپیٹ میں لے گا جہاں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔مغربی سسٹم کے تحت ہونے والی بارش سے جہاں گرمی کی شدت میں کمی آئے گی، وہیں محکمہ موسمیات نے گرج چمک کے دوران شہریوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ بالخصوص بجلی کے کھمبوں اور کمزور عمارتوں سے دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔