"جنگ ہم نے شروع نہیں کی، مگر جھکیں گے نہیں": ایرانی صدر کا فرانسیسی ہم منصب کو دو ٹوک جواب

تہران (رم نیوز) یرانی صدر نے فرانسیسی ہم منصب کو دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہاکہ جنگ ہم نے شروع نہیں کی، مگر جھکیں گے نہیں۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے عالمی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایران کسی بھی دھونس یا دھمکی کے آگے سرنڈر نہیں کرے گا۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اپنی سرزمین کا دفاع کرنا ایران کا فطری اور قانونی حق ہے۔ ایرانی صدر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ حملہ آوروں کو بین الاقوامی قوانین کا پابند بنائے۔

صدر پزشکیان نے خطے کے ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی اڈوں کا استعمال فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ ان اڈوں کے ذریعے ایران اور اس کے پڑوسیوں کے تعلقات خراب کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جب تک صیہونی اور امریکی جارحیت کو نہیں روکا جاتا، خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں۔