کراچی (رم نیوز)پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تاریخی تیزی کا رجحان ہے۔ کاروباری ہفتے کے چوتھے روز زبردست تیزی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس نے پہلی بار 1 لاکھ 51 ہزار پوائنٹس کی تاریخی نفسیاتی حد عبور کر لی ہے۔ ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس میں 1200 سے زائد پوائنٹس کا ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد انڈیکس 1 لاکھ 51 ہزار 285 کی سطح پر پہنچ گیا۔ گزشتہ کاروباری روز مارکیٹ 837 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 50 ہزار 16 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔
مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال کے باعث آج ایشیائی سٹاک مارکیٹوں میں ملا جلا رجحان دیکھا گیا، جہاں جاپان اور ملائیشیا کی منڈیوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جاپانی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور انڈیکس میں 3 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو خطے میں سرمایہ کاروں کے مثبت ردِعمل کی عکاسی کرتا ہے۔
ملائیشیا کی سٹاک مارکیٹ میں 1.5 فیصد سے زائد جبکہ تھائی لینڈ میں 1 فیصد کا معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ دوسری جانب، چین کے شنگھائی کمپوزٹ اور ہانگ کانگ کے ہانگ سینگ انڈیکس میں معمولی مندی ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ مشرقِ وسطیٰ کے بحران کے باعث پیدا ہونے والے خدشات بتائے جا رہے ہیں۔