دبئی / ابوظہبی (رم نیوز)متحدہ عرب امارات میں کھلے مقامات پر نمازِ عید کی ادائیگی پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ متحدہ عرب امارات (UAE) کی حکومت نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور عوامی تحفظ کے پیشِ نظر رواں سال عید الفطر کے اجتماعات کو صرف مساجد تک محدود رکھنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔ اماراتی حکام کے مطابق عید الفطر کی نماز اب صرف مساجد کے اندر ادا کی جائے گی، روایتی طور پر استعمال ہونے والے کھلے میدانوں اور عیدگاہوں میں نماز کے اجتماعات کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ فیصلہ موجودہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں عوام کی حفاظت کو برقرار رکھنے اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ملک بھر کی تمام مساجد میں نمازِ عید کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ محدود جگہ کے باوجود شہریوں کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے لیے رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اہم اجلاس آج (18 مارچ) منعقد ہوں گے۔