اسلام آباد / کراچی (رم نیوز) ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور بادلوں کے ڈیرے کی وجہ سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ صوبہ پنجاب کے بڑے شہروں فیصل آباد، سرگودھا، ملتان اور رحیم یار خان سمیت جہلم، بورے والا، گوجرہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔
ادھر سندھ کے اضلاع جیکب آباد، گھوٹکی، لاڑکانہ، دادو اور پڈعیدن میں بھی بادل برس رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے صوبائی دارالحکومت کراچی میں بھی آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ خیبر پختونخوا کے اضلاع بنوں، صوابی، نوشہرہ اور جنوبی وزیرستان کے علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری طرف بلوچستان کے سرحدی اور میدانی علاقوں چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، دالبندین اور مستونگ میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے مقامی ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر کے بالائی اور زیریں علاقوں بھمبر، کوٹلی اور آٹھ مقام میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے سردی کی لہر میں عارضی اضافہ ہو گیا ہے۔