لاہور(رم نیوز) ڈیجیٹل پنجاب کی جانب قدم بڑھاتے ہوئےحکومت نے 18 محکموں کی 252 خدمات آن لائن منتقل کردی ہیں۔پنجاب حکومت نے 18 مختلف سرکاری محکموں کی 252 خدمات کو ای بز (e-Biz) پورٹل پر آن لائن فراہم کر دیا ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بتایا گیا کہ ای بز پورٹل کو بھرپور عوامی ردعمل مل رہا ہے۔ اب تک پورٹل پر مجموعی طور پر 44,519 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے 40,854 کی منظوری ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مکمل کر لی گئی ہے۔
مزید برآں، 'مریم کی دستک' پروگرام کی تمام سروسز کو بھی ای بز پورٹل سے منسلک کر دیا گیا ہے، جس کے بعد اب این او سیز (NOCs) اور پرمٹس کیو آر کوڈ کے ساتھ جاری کیے جائیں گے۔ حکومتی منصوبے کے مطابق 15 اپریل تک پورٹل پر مزید 48 خدمات شامل کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو مزید سہولت میسر آ سکے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی، جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔