فرانس آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے کسی فوجی کارروائی کا فریق نہیں بنے گا:صدر میکرون کا دوٹوک اعلان

پیرس(رم نیوز)صدر میکرون کا کہنا ہے کہ فرانس آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے کسی فوجی کارروائی کا فریق نہیں بنے گا ۔فرانس اور برطانیہ نے آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے خاتمے اور اسے کھلوانے کے لیے کسی بھی ممکنہ فوجی آپریشن کا حصہ بننے سے صاف انکار کیا ہے۔

فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے پیرس میں ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فرانس آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے کسی بھی قسم کے فوجی آپریشن میں شریک نہیں ہو گا۔ صدر میکرون کا کہنا تھا کہ "فرانس اس تنازع کا فریق نہیں ہے، تاہم، انہوں نے یہ بھی کہا کہ فرانس ایک ایسے بین الاقوامی اتحاد کی تیاری پر کام کر رہا ہے جو کشیدگی میں کمی کے بعد خطے میں بحری جہازوں کی آزادانہ آمد و رفت کو یقینی بنا سکے۔

فرانس سے قبل برطانوی وزیر اعظم کئیر سٹارمر بھی اس حوالے سے اپنا دوٹوک مؤقف سامنے لا چکے ہیں۔ برطانیہ نے واضح کر دیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کو طاقت کے ذریعے کھلوانے کے کسی بھی فوجی آپریشن کا حصہ نہیں بنے گا، جو کہ خطے میں بڑھتی ہوئی فوجی سرگرمیوں کے پیشِ نظر ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔