تہران/ریاض (رم نیوز) ایران کے خلیجی گیس و تیل تنصیبات پر میزائل حملوں کی وجہ سے عالمی منڈی میں بحرانی صورتحال ہوگئی ہے ۔ سعودی عرب نے فوجی کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے 20 ویں روز ایران نے "آپریشن وعدہ صادق 4" کے تحت قطر کے راس لفان انڈسٹریل سٹی اور امریکہ سے منسلک دیگر توانائی تنصیبات پر میزائل داغ دیئے، جس سے قطر اور ابوظہبی میں گیس کی پیداوار معطل ہو گئی۔
ایران کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی اس کی اپنی پارس گیس فیلڈ پر اسرائیلی حملے اور وزیرِ انٹیلی جنس کی شہادت کا بدلہ ہے۔ ریاض میں عرب اسلامی ممالک کے ہنگامی اجلاس میں ایرانی حملوں کی شدید مذمت کی گئی اور سعودی عرب نے فوجی کارروائی کا حق محفوظ رکھنے کا اعلان کیا۔ایرانی حملے کے بعد قطر نے ایرانی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔صدر ٹرمپ نے ایران کو مزید حملوں سے باز رہنے کی وارننگ دی ہے، جبکہ پینٹاگون نے جنگی ضروریات کے لیے 200 ارب ڈالر کا مطالبہ کیا ہے۔ حملوں کے نتیجے میں عالمی منڈی میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔