پاکستان میں عید الفطر کب؟ شوال کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج، عالمی سطح پر منقسم صورتحال

اسلام آباد/لاہور(رم نیوز) پاکستان میں عید الفطر کب ہوگی اس کے لیے شوال کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔ پاکستان میں شوال المکرم 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس آج بروز جمعرات کوہسار بلاک، وزارتِ مذہبی امور میں منعقد ہوگا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد کریں گے، جس میں محکمہ موسمیات اور سپارکو کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔ ملک بھر کی زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی متعلقہ شہروں میں جاری ہیں، جہاں سے موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر مرکزی کمیٹی حتمی فیصلہ کرے گی۔

تاہم، قومی خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو نے آج چاند نظر آنے کے امکانات کو رد کرتے ہوئے چاند نظر نہ آنے کی پیش گوئی کی ہے، جس کے بعد پاکستان میں 30 روزے مکمل ہونے کا قوی امکان ہے۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر میں گزشتہ روز چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد ان ممالک میں عید الفطر کل 20 مارچ (بروز جمعہ) کو منائی جائے گی۔ افغانستان کی سپریم کورٹ نے ملک کے مختلف حصوں سے موصول ہونے والی شہادتوں کو معتبر قرار دیتے ہوئے آج (جمعرات) عید الفطر منانے کا اعلان کیا ہے، جہاں آج نمازِ عید ادا کی جا رہی ہے۔پاکستان میں عید الفطر کے حوالے سے حتمی اعلان آج رات گئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے باقاعدہ فیصلے کے بعد کیا جائے گا۔