کراچی (رم نیوز)کراچی میں آج پھر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا الرٹ ہے۔ گزشتہ روز حادثات میں 19 افراد جاں بحق ہوگئے۔ کراچی میں گزشتہ روز کی طوفانی آندھی اور بارش کے بعد آج پھر شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بادل سمندر میں موجود ہیں جو دوپہر کے بعد شہر پر برس سکتے ہیں، جس سے 50 ملی میٹر یا اس سے زائد بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں میں آندھی اور حادثات کے باعث 19 افراد جاں بحق اور 60 زخمی ہوئے۔ گزشتہ روز ماڑی پور میں 97 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں، تاہم آج ہوا کی رفتار کل کے مقابلے میں کم رہنے کی توقع ہے۔ عید کے پہلے دن بھی ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ 24 سے 27 مارچ تک بارشوں کا نیا سلسلہ سندھ میں داخل ہو سکتا ہے۔