دوحہ/تہران (رم نیوز)ایران نے قطر کی ’راس لفان‘ گیس تنصیبات پر دوبارہ بڑا حملہ کیا ہے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سخت ترین انتباہ کے باوجود ایران نے قطر کی سٹریٹجک توانائی تنصیبات پر حملوں کا دوسرا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق میزائلوں نے قطر کے راس لفان توانائی کمپلیکس کو ایک بار پھر نشانہ بنایا ہے۔ قطر کی سرکاری توانائی کمپنی (قطر انرجی) نے تصدیق کی ہے کہ آج صبح سویرے گیس تنصیبات کو راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کمپلیکس میں شدید آگ لگ گئی اور تنصیبات کو پہلے سے زیادہ نقصان پہنچا ہے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق حملے میں کسی کے زخمی ہونے یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم مادی نقصان بڑے پیمانے پر ہوا ہے۔ یہ حملہ امریکی صدر کی اس وارننگ کے کچھ ہی دیر بعد ہوا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ قطر پر دوبارہ حملہ کشیدگی میں ناقابلِ تلافی اضافے کا سبب بنے گا۔اس تازہ حملے نے ثابت کر دیا ہے کہ ایران خلیج میں امریکی اتحادیوں کی توانائی تنصیبات کو براہِ راست نشانہ بنا کر عالمی سپلائی چین پر دباؤ بڑھانے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ عالمی منڈی میں اس خبر کے بعد گیس کی قیمتوں میں مزید ریکارڈ اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔