سٹاک مارکیٹ کی صورتحال کیا ہے؟

کراچی (رم نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ شدید مندی کا شکار رہی۔ مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور قطر کے درمیان بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی اور توانائی کی تنصیبات پر حملوں کے اثرات عالمی مالیاتی منڈیوں سمیت پاکستان سٹاک ایکسچینج پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں۔ ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی فروخت کا شدید دباؤ دیکھا گیا، جس کے باعث 100 انڈیکس میں 2000 سے زائد پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی۔ انڈیکس اس وقت 1 لاکھ 51 ہزار 800 کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

ایشیائی مارکیٹوں میں بھی کہرام مچ گیا ہے۔ جاپان کا نکی انڈیکس (Nikkei 225) اور جنوبی کوریا کا کوسپی (Kospi) 3 فیصد تک گر گئے۔تائیوان کی مارکیٹ میں گراوٹ دیکھی گئی جبکہ ہانگ کانگ کے ہانگ سینگ انڈیکس میں 2 فیصد اور چین کے شنگھائی کمپوزٹ میں ایک فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق خلیج میں جنگ کے بڑھتے ہوئے خطرات اور تیل و گیس کی سپلائی معطل ہونے کے خدشات نے سرمایہ کاروں کو شدید غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر شیئرز کی بڑے پیمانے پر فروخت جاری ہے۔