’صبر لامحدود نہیں، سفارتی اعتماد مکمل بکھر گیا‘:سعودی عرب کا ایران کو فوجی کارروائی کا الٹی میٹم

ریاض (رم نیوز)سعودی عرب نے ایران کو فوجی کارروائی کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔ شہزادہ فیصل نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہمارا صبر لامحدود نہیں ہے، یہ ایک دن یا ایک ہفتے تک ہو سکتا ہے، اس سے زیادہ نہیں۔ انہوں نے ایران پر زور دیا کہ وہ اپنے غلط فیصلوں پر فوری نظرثانی کرے۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ایران کو اب تک کی سخت ترین وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت کا صبر اب جواب دے رہا ہے اور وہ اپنی سرحدوں کے دفاع کے لیے فوجی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

ریاض میں اسلامی وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ 2023 میں بحال ہونے والا سفارتی اعتماد اب مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے پاس ایسی "نمایاں صلاحیتیں" موجود ہیں جن کے ذریعے وہ تہران کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے سکتے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر حملوں کا سلسلہ جاری رہا تو تہران کے ساتھ تعلقات بچانے کے لیے کچھ باقی نہیں بچے گا۔