کراچی پورٹ پر عالمی جہازوں کے لیے تاریخی مراعات: وزیر بحری امور کا بڑے مالیاتی پیکج کا اعلان

کراچی (رم نیوز) وزیر بحری امور نےکراچی پورٹ پر عالمی جہازوں کے لیے مالیاتی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کی نئی سکیم کا اطلاق 18 مارچ 2026 سے فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔وزیر بحری امور کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیے گئے اہم فیصلے درج ذیل ہیں۔

اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے مطابق ڈرائی بلک ایکسپورٹ کارگو پر ڈیوٹی اور چارجز میں 60 فیصد تک بڑی کمی کر دی گئی ہے۔ بنیادی رعایت (Base Discount) کو 5 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد کر دیا گیا ہے، جبکہ اضافی کارگو پر مزید 5 فیصد رعایت ملے گی۔ٹرانس شپمنٹ کارگو کی کم از کم حد 10 فیصد سے کم کر کے 7.5 فیصد کر دی گئی ہے۔ بڑے کنٹینر جہازوں کو 'ویٹ چارجز' (Weight Charges) میں 50 فیصد تک چھوٹ دی گئی ہے۔

ماحول دوست ایندھن استعمال کرنے والے جہازوں کے لیے اضافی 5 فیصد رعایت مختص کی گئی ہے۔زیادہ جہاز لانے والی شپنگ لائنز کے لیے مراعات میں اضافہ کیا گیا ہے اور 50 فیصد جی آر ٹی ٹرانس شپمنٹ کارگو پر 60 فیصد فلیٹ رعایت مقرر کی گئی ہے۔