سعودی عرب اور خلیجی ممالک سمیت دنیا کے بیشتر حصوں میں آج عید، پاکستان و بھارت میں کل منائی جائے گی

ریاض/ماسکو(رم نیوز) سعودی عرب، خلیجی ریاستوں، امریکہ، برطانیہ اور یورپ سمیت دنیا کے کئی ممالک میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں نمازِ عید کے سب سے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جہاں لاکھوں فرزندانِ توحید نے شرکت کی۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عالمی امن و استحکام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے امتِ مسلمہ کو مبارکباد پیش کی۔

روس کے دارالحکومت ماسکو میں بھی مرکزی اجتماع جامع مسجد میں منعقد ہو رہا ہے جس کی نشریات قومی ٹی وی پر دکھائی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب آسٹریلوی وزیراعظم نے بھی سڈنی کی مسجد جا کر مسلم کمیونٹی کو مبارکباد دی۔ادھر پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، ملائیشیا اور انڈونیشیا میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے باعث ان ممالک میں عید الفطر کل بروز ہفتہ، 21 مارچ کو منائی جائے گی۔