اسرائیل کی کارروائیاں ریاستی دہشت گردی ہیں، عالمی خاموشی کے نتائج خطرناک ہوں گے: ایرانی صدر

تہران(رم نیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اسرائیل کو 'ریاستی دہشت گردی' پر مبنی نظام قرار دیتے ہوئے عالمی برادری کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس جارحیت کے خلاف فوری اور مضبوط مؤقف اختیار نہ کیا گیا تو اس کی آگ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے حالیہ بیان میں صدر پزشکیان نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے ایران پر حالیہ جارحیت اور سپریم لیڈر کی شہادت نے ایک ایسا خطرناک نیا معیار قائم کر دیا ہے جو بین الاقوامی قوانین اور عالمی قانونی اصولوں کو مکمل طور پر تباہ کر سکتا ہے۔

انہوں نے ایران کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے، بالخصوص 'ساؤتھ پارس گیس فیلڈ' اور عسلویہ کی تیل و پیٹرو کیمیکل تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کے نتائج بے قابو ہوں گے جو نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کی معیشت اور امن کو متاثر کریں گے۔ ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ یہ جارحانہ کارروائیاں امریکی و اسرائیلی دشمن اور اس کے حامیوں کے لیے کچھ حاصل نہیں کر پائیں گی بلکہ اس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو جائے گی۔