مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کا اثر: پاکستان سے جانے والی 71 پروازیں منسوخ، فضائی آپریشن شدید متاثر

کراچی/لاہور(رم نیوز) امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی حالیہ کشیدگی کے باعث پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ کے لیے پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے، جس کے نتیجے میں آج ملک بھر سے مجموعی طور پر 71 پروازیں منسوخ کر دی گئیں فضائی آپریشن میں تعطل کے باعث لاہور سے سب سے زیادہ یعنی 25 پروازیں اڑان نہ بھر سکیں، جن کا رخ دوحہ، بحرین، نجف، کویت، دبئی اور العین کی جانب تھا۔

اسلام آباد سے دوحہ، ابوظبی، بحرین اور کویت سمیت دیگر شہروں کی 23 پروازیں بھی منسوخ رہیں۔ کراچی سے دوحہ، بحرین اور دبئی کی 9، جبکہ پشاور سے فجیرہ اور ابوظبی سمیت دیگر مقامات کی 10 پروازیں اڑان نہ بھر سکیں۔

دوسری جانب فیصل آباد سے فلائٹ آپریشن نسبتاً بہتر ہے، جہاں سے دبئی، شارجہ اور جدہ کے لیے 12 پروازیں شیڈول کے مطابق آپریٹ ہو رہی ہیں۔ فضائی کمپنیوں نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانگی سے قبل اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال سے متعلق معلومات حاصل کر لیں۔