عسکری قیادت کی قوم کو عید کی مبارکباد؛ شہداء کی قربانیوں کو ٹریبیوٹ ، وطن کے دفاع کا عزم

راولپنڈی (رم نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پوری پاکستانی قوم اور عالمِ اسلام کو عیدالفطر کی دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ مسلح افواج کے سربراہان نے اس پرمسرت موقع پر اہل وطن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عیدالفطر اتحاد، ہمدردی اور شکر گزاری جیسی اعلیٰ اقدار کی عکاس ہے۔

دعا ہے کہ یہ عید پاکستان اور امتِ مسلمہ کے لیے امن، خوشحالی اور برکتوں کا پیغام ثابت ہو۔مسلح افواج کے لیے عید کا اصل جذبہ وطنِ عزیز کے دفاع اور عوام کی خدمت میں پوشیدہ ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، افواجِ پاکستان کے جوان اپنے اہلخانہ سے دور سرحدوں پر ملک کی حفاظت کے مقدس فریضے میں مصروف ہیں۔عسکری قیادت نے اپنے پیغام میں پاکستان کے بہادر سپوتوں، خواتین اور خصوصاً شہداء و غازیوں کے اہلخانہ کی ثابت قدمی کو سراہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور قوم ان کے خاندانوں کی حمایت میں ہمیشہ کھڑی رہے گی۔