امریکہ اور اسرائیل حیران رہ جائیں گے، نئے لانچ سسٹمز تیار ہیں: پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر سید ماجد موسوی کا انتباہ

تہران(رم نیوز) ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی ایئرو سپیس فورس کے کمانڈر سید ماجد موسوی نے دشمن ممالک کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے جدید ترین میزائل لانچ سسٹمز خطے میں طاقت کا توازن مکمل طور پر تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر جاری اپنے ایک بیان میں کمانڈر سید ماجد موسوی نے کہا کہ ایران کی نئی میزائل ٹیکنالوجی امریکا اور اسرائیل کو دنگ کر دے گی۔

ان کا دعویٰ ہے کہ ایرانی میزائل قوت نے مقبوضہ علاقوں کے آسمانوں پر مکمل برتری حاصل کر لی ہے اور اب دشمن کے پاس ان جدید نظاموں کا کوئی توڑ باقی نہیں رہا۔ دفاعی رپورٹس کے مطابق، ایران نے اسرائیل کے حساس ترین 'دیمونا پاور پلانٹ' کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ پہلی بار درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے قبرص میں بھی اہداف کو نشانہ بنانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ان کارروائیوں نے بین الاقوامی سطح پر یہ بحث چھیڑ دی ہے کہ تہران کی میزائل رینج اور نشانہ لگانے کی صلاحیت ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ مہلک اور وسیع ہو چکی ہے۔ کمانڈر ماجد موسوی کے اس بیان اور حالیہ میزائل حملوں نے مشرقِ وسطٰی میں دفاعی صورتحال کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے، جہاں ماہرین ان نئے لانچ سسٹمز کو مستقبل کی کسی بھی بڑی جنگ میں کلیدی اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں۔