لاہور/اسلام آباد(رم نیوز) ملک بھر میں آج 23 مارچ 'یومِ پاکستان' روایتی جوش و جذبے اور وطن سے تجدیدِ عہد کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی شہروں میں 21 توپوں کی سلامی اور ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔
مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور ملکی سطح پر جاری کفایت شعاری مہم کے پیشِ نظر امسال یومِ پاکستان سادگی سے منایا جا رہا ہے، جس کے باعث روایتی فوجی پریڈ منسوخ کر دی گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مرکزی تقریب میں قومی پرچم لہرایا۔مزارِ اقبال پر پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ ایئر وائس مارشل محمد شاہد افضال نے فاتحہ خوانی کی۔ گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ نے مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔