وزیراعظم کا کفایت شعاری مشن: سرکاری گاڑیوں میں ہائی اوکٹین پر پابندی

اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری گاڑیوں میں ہائی اوکٹین (High Octane) کے استعمال پر فوری اور مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد قومی وسائل کے ضیاع کو روکنا اور عوامی ٹیکس کے پیسے کا شفاف استعمال یقینی بنانا ہے۔

ہائی اوکٹین کا استعمال ناگزیر ہونے کی صورت میں متعلقہ افسر کو ایندھن کے اخراجات اپنی جیب سے ادا کرنے ہوں گے۔ تمام وفاقی محکموں کو حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے، خلاف ورزی پر بلا امتیاز قانونی کارروائی ہوگی۔

اس اقدام سے ہونے والی بچت عوام کو ریلیف اور سستا تیل فراہم کرنے پر خرچ کی جائے گی۔ حکومت پہلے ہی سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 50 فیصد کٹوتی اور 60 فیصد گاڑیاں گراؤنڈ کر چکی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ غیر ضروری اخراجات میں کمی اور کفایت شعاری پالیسی پر سختی سے عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔