ٹی بی کا خاتمہ قومی مشن، سماجی و معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد(رم نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کاکہنا ہے کہ ٹی بی کا خاتمہ قومی مشن، سماجی و معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں ۔وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے تپِ دق (ٹی بی) کو پاکستان کے لیے ایک بڑا صحت، سماجی اور معاشی چیلنج قرار دیتے ہوئے اس کے مکمل خاتمے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں بھی ٹی بی خطرناک متعدی امراض میں سرِفہرست ہے، جو خاص طور پر معاشرے کے کمزور طبقات کو متاثر کرتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ بیماری غربت، غذائی قلت اور سماجی عدم مساوات جیسے مسائل کو مزید سنگین بنا دیتی ہے، اس لیے اس کا خاتمہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومتی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ ملک بھر میں ایک جامع حکمت عملی کے تحت کام کیا جا رہا ہے۔ ملک گیر سطح پر جدید تشخیصی سہولیات اور لیبارٹری نیٹ ورک کو وسعت دی جا رہی ہے۔ بنیادی صحت کے مراکز میں ٹی بی کی خدمات کو مربوط کیا گیا ہے تاکہ ہر مریض کو معیاری علاج میسر ہو۔ بیماری کی روک تھام اور مریضوں کی نگہداشت کے لیے نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنا دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ٹی بی کے خلاف جنگ صرف ادویات سے نہیں بلکہ عوامی تعاون سے جیتی جا سکتی ہے۔

انہوں نے اپیل کی کہ: معاشرے سے ٹی بی کے مریضوں کے خلاف سماجی سٹیگما (داغ) کا خاتمہ کیا جائے۔کمیونٹی ہیلتھ ورکرز، سول سوسائٹی اور میڈیا بروقت تشخیص کے لیے آگاہی فراہم کریں۔نجی شعبہ اور محققین اس مشن میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔ شہباز شریف نے عالمی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں سے مستقل فنڈنگ اور تکنیکی تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کا کوئی بھی شہری اس مرض کی وجہ سے نظر انداز نہ ہو۔