ملک بھر میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کا الرٹ، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ

اسلام آباد (رم نیوز)ملک بھر میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کردیاگیا ہے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیاجارہاہے۔ محکمہ موسمیات نے 24 سے 30 مارچ تک ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی کرتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ایک طاقتور مغربی سسٹم آج شام بلوچستان میں داخل ہوگا، جو بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں فلیش فلڈنگ کا سبب بن سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سسٹم 27 مارچ کے بعد مزید شدت اختیار کرے گا اور 31 مارچ تک برقرار رہ سکتا ہے۔ کوئٹہ، گوادر، تربت اور خضدار سمیت دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور فیصل آباد میں بادل برسیں گے۔ کراچی، سکھر اور لاڑکانہ میں بھی 25 سے 29 مارچ کے دوران مختلف وقفوں سے بارش کا امکان ہے۔سوات، چترال اور دیر سمیت گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ موسمیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بلوچستان کے ندی نالوں میں 25 سے 28 مارچ اور خیبرپختونخوا میں 28 سے 30 مارچ کے دوران اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔