کراچی کی سڑکیں مقتل گاہ، رواں سال ٹریفک حادثات میں 246 ہلاکتیں، ٹریکٹر اور ٹینکرز موت بانٹنے لگے

کراچی (رم نیوز)کراچی کی سڑکیں مقتل گاہ بن گئیں، رواں سال ٹریفک حادثات میں 246 ہلاکتیں ہوئیں۔عرو س البلاد کراچی میں ٹریفک حادثات کا جن بے قابو ہو گیا ہے، جہاں رواں سال کے ابتدائی مہینوں میں ہی 246 قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والے ان المناک واقعات نے ٹریفک مینجمنٹ اور روڈ سیفٹی پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، جاں بحق ہونے والوں میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین اور معصوم بچے بھی شامل ہیں، 178 افراد لقمہ اجل بنے ، 33 خواتین، 26 لڑکے اور 9 بچیاں بھی حادثات کا شکار ہوئیں۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ شہر میں ہونے والی مجموعی ہلاکتوں میں سے 83 اموات صرف ہیوی ٹریفک کی وجہ سے ہوئیں۔ٹریکٹر ٹرالی سب سے زیادہ 37 ہلاکتوں کا سبب بنی۔شہر بھر میں پھیلے ٹینکر مافیا کی زد میں آ کر 23 افراد جان سے گئے۔

بسوں کے حادثات میں 11، جبکہ ڈمپر اور منی ٹرکس کی ٹکر سے بالترتیب 5 اور 7 افراد جاں بحق ہوئے۔ شہری حلقوں اور سماجی تنظیموں نے ان بڑھتے ہوئے حادثات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہیوی ٹریفک کے مخصوص اوقات کار پر عملدرآمد نہ ہونا اور تیز رفتاری ان حادثات کی بنیادی وجہ ہے