جاپان کا ہنگامی بنیادوں پر قومی تیل کے ذخائر کھولنے کا اعلان، جمعرات سے سپلائی شروع ہوگی

ٹوکیو (رم نیوز) جاپان نے ہنگامی بنیادوں پر قومی تیل کے ذخائر کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعرات سے سپلائی شروع ہوگی۔ جاپانی وزیراعظم سناے تاکائیچی نے ملک میں توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب اور سپلائی کے خدشات کے پیشِ نظر قومی تیل کے ذخائر جاری کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث عالمی سپلائی لائنز خصوصاً آبنائے ہرمز پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

وزیراعظم تاکائیچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اپنی پوسٹ میں تصدیق کی کہ جاپان رواں ہفتے 26 مارچ (جمعرات) سے اپنے اسٹریٹجک قومی ذخائر کا کچھ حصہ مارکیٹ میں لانا شروع کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جاپان پہلے ہی گزشتہ ہفتے سے اپنے نجی ذخائر کا استعمال شروع کر چکا ہے تاکہ ملک بھر کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے اور سسٹم میں تیل کی مطلوبہ مقدار کو یقینی بنایا جا سکے۔ جاپان کے لیے یہ اقدام انتہائی حساس اور دفاعی نوعیت کا ہے کیونکہ ملک کی ضرورت کا تقریباً 95 فیصد خام تیل آبنائے ہرمز کے راستے سے آتا ہے۔

ایران اور امریکہ کے درمیان جاری حالیہ تنازع اور آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش کے خدشات نے جاپان کو اپنے ہنگامی ذخائر استعمال کرنے پر مجبور کیا ہے تاکہ کسی بھی بڑے معاشی بحران سے بچا جا سکے۔جاپانی حکومت کا مقصد ان ذخائر کے ذریعے مقامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کو مستحکم رکھنا اور صنعتی و عوامی ضروریات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ جاپان جیسے بڑے خریدار کی جانب سے ذخائر کھولنا عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر مزید مثبت اثرات مرتب کرے گا۔