راولپنڈی (رم نیوز)اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کا دن ہے ،سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ عمران خان کی تینوں بہنیں علیمہ خان، نورین خان اور عظمیٰ ملاقات کے لیے جیل پہنچیں گی۔ جیل انتظامیہ کو 6 افراد کے ناموں کی فہرست فراہم کی گئی ہے جنہیں بانی پی ٹی آئی سے ملنے کی اجازت ہوگی۔
آج بشریٰ بی بی کی بھی اپنے اہلخانہ، بشمول بہن اور بیٹی سے ملاقات ہوگی۔ ذرائع کے مطابق میاں بیوی کی آپس میں ملاقات کا بھی امکان ہے۔ملاقات کے دن کی حساسیت کے باعث اڈیالہ جیل کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ جیل کی طرف جانے والے تمام راستوں پر پولیس ناکے مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔غیر متعلقہ افراد اور سیاسی کارکنوں کے اجتماع کو روکنے کے لیے اضافی نفری اور رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔جیل انتظامیہ کی جانب سے ملاقات کے لیے آنے والوں کی سخت تلاشی اور جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔