قومی مفاد سب سے پہلے، محسن نقوی کی پی ایس ایل 11 کے شیڈول میں تبدیلی پر شائقین سے معذرت

لاہور(رم نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن (PSL 11) کے شیڈول میں تبدیلی اور اسے محدود کرنے پر کرکٹ شائقین سے معذرت کر لی ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی کھیل یا ایونٹ سے بڑھ کر ملک و قوم کا وسیع تر مفاد مقدم ہوتا ہے۔ لاہور میں پی ایس ایل 11 کی تمام ٹیموں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں چیئرمین پی سی بی نے ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں اور معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔

اس موقع پر پی ایس ایل 11 کی چمکتی دمکتی ٹرافی کی رونمائی کی گئی اور ایونٹ کا آفیشل ترانہ بھی باقاعدہ طور پر لانچ کر دیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا میں شائقینِ کرکٹ سے دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہوں کہ ہمیں شیڈول میں تبدیلی کرنی پڑی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل اب ایک عالمی برانڈ بن چکا ہے، لیکن بعض اوقات بڑے مقصد کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔ تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جن میں وفاقی وزراء: محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، سالک حسین، اور علی پرویز ملک، صوبائی قیادت: اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، اور صوبائی وزیر شافع حسین، اٹارنی جنرل منصور اعوان، سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز، تمام فرنچائز مالکان، قومی ٹیم کے کھلاڑی اور غیر ملکی کوچز شامل تھے۔