عید الفطر پر خیبرپختونخوا میں ریکارڈ سیاحت: 2 لاکھ 62 ہزار سیاحوں نے رخ کر لیا

پشاور(رم نیوز) عید الفطر پر خیبرپختونخوا میں ریکارڈ سیاحت ہوئی اور 2 لاکھ 62 ہزار سیاحوں نے رخ کیا۔ خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر عید الفطر کی تعطیلات کے دوران سیاحوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث صوبے کی سیاحتی صنعت میں نئی روح پھونک دی گئی ہے۔ یبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے عید کے پہلے تین دنوں کے دوران سیاحوں کی آمد کے ریکارڈ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔ ڈی جی ٹورازم اتھارٹی کے مطابق، عید کی تعطیلات کے دوران مجموعی طور پر 2 لاکھ 62 ہزار سے زائد ملکی و غیر ملکی سیاحوں نے خیبرپختونخوا کے مختلف پرفضا مقامات کا رخ کیا۔

سیاحوں کی سب سے زیادہ تعداد وادی سوات پہنچی، جہاں 1 لاکھ 86 ہزار سے زائد افراد نے سیر و تفریح کی۔ایبٹ آباد اور نتھیا گلی سمیت گلیات کے علاقوں میں 51 ہزار 886 سیاحوں کا اندراج کیا گیا۔ مقامی افراد کے ساتھ ساتھ 76 غیر ملکی سیاح بھی صوبے کے قدرتی حسن سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ ٹورازم اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ سیاحوں کی اتنی بڑی تعداد میں آمد سے مقامی سطح پر ہوٹلنگ، ٹرانسپورٹ اور کھانے پینے کے کاروبار سے وابستہ افراد کو بڑا معاشی فائدہ پہنچا ہے۔

سیاحوں کے اس رش سے نہ صرف مقامی سیاحت کو فروغ ملا ہے بلکہ صوبائی معیشت میں بھی نمایاں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق، تمام سیاحتی مقامات پر سیکیورٹی اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے تاکہ سیاحوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔