لاہور (رم نیوز) دیامر میں بچیوں کی تعلیم کے لیے واپڈا نے کروڑوں کے فنڈز کا اعلان کیا ہے۔ واپڈا نے دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے تحت مقامی بچیوں کی تعلیم کے لیے 9 کروڑ 42 لاکھ روپے سے زائد کی رقم مختص کر دی ہے۔ اس اہم فیصلے کے تحت چلاس، تانگیر اور داریل میں 75 کمیونٹی بیسڈ گرلز سکول فعال کیے جائیں گے، جس سے 2250 آؤٹ آف سکول بچیاں زیورِ تعلیم سے آراستہ ہو سکیں گی۔
اس منصوبے میں سرکاری سکولوں کی بحالی کے لیے مزید 2 کروڑ 95 لاکھ روپے اور طالبات کے لیے دو کوسٹر بسوں کی فراہمی بھی شامل ہے۔ واپڈا حکام کے مطابق، علاقے کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے مجموعی طور پر 78 ارب 50 کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں تاکہ ڈیم کی تعمیر کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کا معیارِ زندگی بھی بلند کیا جا سکے۔