سندھ حکومت کا ایندھن بچاؤ مشن: کابینہ کی 3 ماہ کی تنخواہ کی قربانی، جمعہ کو 'ورک فرام ہوم' لازمی قرار

کراچی (رم نیوز) سندھ حکومت نے ملک میں توانائی اور ایندھن کے بڑھتے ہوئے بحران سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر سخت کفایت شعاری اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ کابینہ نے درج ذیل اہم اقدامات کی منظوری دی ہے۔سندھ کابینہ کے تمام وزراء اور ارکان نے موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر تین ماہ کی تنخواہ نہ لینے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔

ایندھن کے استعمال میں کمی لانے کے لیے جمعہ کے روز سرکاری ملازمین کے لیے 'ورک فرام ہوم' کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پٹرول کی بچت کے لیے سرکاری گاڑیوں کی ایک بڑی تعداد کو فوری طور پر گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ سندھ حکومت وفاق کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ اگر وفاقی حکومت نے ایندھن کی بچت کے لیے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا تو سندھ حکومت اس پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائے گی۔ حکومت نے نجی شعبے اور عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ توانائی کے ذخائر کو محفوظ بنانے کے لیے غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور گھر سے کام کرنے کو ترجیح دیں۔