عالمی قوانین مغرب کے دوہرے معیار کا شکار، بین الاقوامی قانون عملاً مردہ ہو چکا ہے: ایرانی وزیر خارجہ

تہران (رم نیوز) ایرانی وزیر خارجہ کاکہنا ہے کہ عالمی قوانین مغرب کے دوہرے معیار کا شکار، بین الاقوامی قانون عملاً مردہ ہو چکا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عالمی برادری اور بین الاقوامی قوانین کی افادیت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ نظام صرف مغربی مفادات اور دوہرے معیار کے تحت چل رہا ہے۔

عباس عراقچی نے نشاندہی کی کہ بین الاقوامی قانون کا اطلاق غزہ اور یوکرین کے معاملے میں مکمل طور پر مختلف ہے، جو اس کے غیر فعال ہونے کا ثبوت ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ عالمی ادارے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف کی جانے والی جارحیت پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے جرمن صدر کی جانب سے ایران پر حملوں کی مذمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ جو لوگ عالمی قوانین کی اہمیت سمجھتے ہیں، انہیں اب خاموش نہیں رہنا چاہیے۔ایرانی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی قوانین کے نفاذ پر بحث تیز ہو گئی ہے۔