کوئٹہ(رم نیوز)بلوچستان میں کل تمام ٹرینیں بند رہیں گے ، جعفر ایکسپریس کی روانگی بھی منسوخ کردی گئی ہے۔ پاکستان ریلویز نے فنی وجوہات اور ٹریک کی ضروری مرمت کے باعث 27 مارچ کو بلوچستان بھر میں ٹرین سروس معطل کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
ریلوے حکام کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کل ٹرینوں کا شیڈول درج ذیل رہے گا۔ جعفر ایکسپریس (کوئٹہ تا پشاور) کل پشاور کے لیے روانہ نہیں ہوگی، سروس مکمل معطل رہے گی۔ پشاور سے آنے والی ٹرین کو جیکب آباد کے مقام پر روک کر وہیں سے واپس روانہ کر دیا جائے گا۔
کوئٹہ سے کراچی جانے والی بولان میل اور چمن جانے والی چمن پسنجر ٹرینیں پہلے ہی معطل ہیں، جو کل بھی بند رہیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ٹریک کی مرمت اور فنی مسائل کو حل کرنے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں مسافروں کے سفر کو محفوظ بنایا جا سکے۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پریشانی سے بچنے کے لیے ریلوے انکوائری سے رابطہ کریں۔