جنگ بندی کی کسی بھی ڈیل میں لبنان کو لازمی شامل کیا جائے:ایران کا دوٹوک مطالبہ

تہران (رم نیوز)ایران نے دوٹوک مطالبہ کیا ہے کہ جنگ بندی کی کسی بھی ڈیل میں لبنان کو لازمی شامل کیا جائے۔ایران نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے ہونے والی کوششوں میں نیا مطالبہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی سے متعلق کسی بھی معاہدے (ڈیل) میں لبنان کو لازمی طور پر شامل کیا جائے۔ عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق، ایران نے اپنے اس مطالبے سے عالمی رابطہ کاروں کو باقاعدہ آگاہ کر دیا ہے۔

تہران کی جانب سے یہ شرط رکھی گئی ہے کہ امریکہ کے ساتھ ہونے والی کسی بھی ممکنہ ڈیل میں حزب اللہ پر اسرائیلی حملوں کے مکمل خاتمے کی ضمانت شامل ہونی چاہیے۔ کم از کم 6 علاقائی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اس وقت امریکی تجاویز کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے اور وہ حزب اللہ کو اس وسیع تر ڈیل کا حصہ بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ رپورٹ کے مطابق، ایرانی حکام نے حزب اللہ کی قیادت کو بھی اس حوالے سے اعتماد میں لیا ہے اور انہیں یقین دہانی کروائی ہے کہ ان کے مفادات کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔ تہران کا مقصد ایک ایسا جامع معاہدہ ہے جو نہ صرف غزہ بلکہ لبنان کے محاذ پر بھی مستقل امن کا ضامن ہو۔