ایران کی آبنائے باب المندب میں نیا محاذ کھولنے کی دھمکی، عالمی بحری تجارت خطرے میں

تہران(رم نیوز)ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایرانی علاقوں پر حملوں کا سلسلہ بند نہ ہوا تو وہ سٹریٹیجک اہمیت کی حامل آبی گزرگاہ آبنائے باب المندب میں نیا محاذ کھول سکتا ہے۔ ایرانی فوجی حکام کے مطابق، ملکی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اگر ایران کی سالمیت کو نشانہ بنایا گیا تو جواباً بحیرہ احمر کی اس اہم گزرگاہ میں کارروائیاں شروع کی جا سکتی ہیں، جس سے خطے کی صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ ہے۔ یہ اہم آبی راستہ یمن کے قریب واقع ہے جو بحیرہ احمر کو خلیجِ عدن سے ملاتا ہے۔ یہ دنیا کی مصروف ترین سمندری گزرگاہوں میں سے ایک ہے جہاں سے عالمی تیل اور تجارتی سامان کی ترسیل کا بڑا حصہ گزرتا ہے۔