لاہور (رم نیوز )پی ایس ایل 11 کا دھماکے دار آغاز ہوگیا ہے۔ لاہور قلندرز نے نئی ٹیم 'حیدرآباد کنگزمین' کو 69 رنز سے دھول چٹا دی ہے ۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے لیگ میں شامل ہونے والی نئی ٹیم حیدرآباد کنگزمین کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 69 رنز سے شکست دے دی ہے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں قلندرز کے باؤلرز اور بیٹرز نے شاندار کھیل پیش کیا۔ لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز کا بھاری مجموعہ ترتیب دیا۔
فخر زمان نے 53 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ حسیب اللہ 40 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد نعیم (30) اور سکندر رضا (24) نے بھی اہم رنز کیے۔کنگزمین کی باؤلنگ: حسان خان اور ریلے میریڈیتھ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ 200 رنز کے تعاقب میں حیدرآباد کنگزمین کی پوری ٹیم بے بس نظر آئی اور مقررہ اوورز میں صرف 130 رنز بنا سکی۔ کپتان مارنوس لبوشین 24 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ صائم ایوب (17) اور ریلے میریڈیتھ (19 ناٹ آؤٹ) کے علاوہ کوئی بھی بلے باز قلندرز کی باؤلنگ کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا۔ حارث رؤف، سکندر رضا اور عبید شاہ نے 2، 2 شکار کیے، جبکہ شاہین آفریدی اور مستفیض الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔