پنجاب: جمعہ کو سرکاری دفاتر جزوی طور پر کھلے رکھنے کا فیصلہ، کفایت شعاری کمیٹی کی سفارشات منظور

لاہور(رم نیوز) پنجاب میں جمعہ کو سرکاری دفاتر جزوی طور پر کھلے رکھنے کا فیصلہ کیاگیا ہے ، اس سلسلے میں کفایت شعاری کمیٹی کی سفارشات منظور کر لی گئی ہیں۔پنجاب کی کفایت شعاری مانیٹرنگ کمیٹی نے صوبے میں جمعہ کے روز سرکاری دفاتر کو مکمل بند کرنے کے بجائے جزوی طور پر کھولنے کی اہم سفارش منظور کر لی ہے۔ اس فیصلے کے تحت اب جمعہ کے روز دفاتر میں صرف ضروری عملہ (Essential Staff) ڈیوٹی انجام دے گا۔

کفایت شعاری مانیٹرنگ کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں جمعہ کی مکمل چھٹی نہ کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ کمیٹی ممبران نے موقف اختیار کیا کہ اگر جمعہ، ہفتہ اور اتوار کی مسلسل تین چھٹیاں دی گئیں تو شہری بڑی تعداد میں سفر (Traveling) کریں گے۔لوگوں کے زیادہ سفر کرنے سے پیٹرول اور ایندھن کی کھپت میں کمی کے بجائے الٹا اضافہ ہو جائے گا۔کمیٹی نے تفصیلی مشاورت کے بعد درج ذیل اہم فیصلے کیے ہیں۔

دفاتر کو مکمل تالا لگانے کے بجائے جزوی طور پر فعال رکھا جائے گا۔ صرف وہی افسران اور ملازمین دفتر آئیں گے جن کی موجودگی سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے ناگزیر ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد قومی خزانے پر پیٹرولیم مصنوعات کا بوجھ کم کرنا اور کفایت شعاری مہم کو کامیاب بنانا ہے۔