کے پی حکومت کا بڑا قدم: وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی ہدایت پر 'پبلک فیڈ بیک' فیچر متعارف

پشاور(رم نیوز)وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی ہدایت پر 'پبلک فیڈ بیک' فیچر متعارف کرادیاگیا ہے۔رائٹ ٹو سروسز کمیشن کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے خدمات میں تاخیر کو 'سنگین جرم' قرار دے دیا ہے۔ خدمات میں تاخیر ناقابلِ برداشت وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے رائٹ ٹو سروسز اور رائٹ ٹو انفارمیشن کمشنز کو مزید فعال بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری دفاتر میں شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے دوران حائل تمام رکاوٹیں فوری ختم کی جائیں۔مقررہ وقت میں کام مکمل نہ کرنا جرم تصور ہوگا اور غفلت برتنے والے محکموں کے خلاف بلا امتیاز ایکشن لیا جائے گا۔

کمیشن کے تمام معاملات کو جلد از جلد ڈیجیٹل کرنے اور اسے 'دستک' پلیٹ فارم سے مکمل منسلک کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ اجلاس میں پیش کی گئی بریفنگ کے دوران انکشاف ہوا کہ سال 2025 میں 742 شکایات حل کی گئیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 150 فیصد زیادہ ہیں۔ کمیشن کی پبلک آؤٹ ریچ 69 ہزار سے بڑھ کر 4 لاکھ 78 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

14 محکموں کی 80 خدمات کے بعد اب مزید 15 محکموں کی 89 خدمات کو بھی کمیشن کے دائرہ کار میں شامل کیا جا رہا ہے۔ شکایات کے لیے دستیاب ذرائع شہری اب اپنی شکایات اور فیڈ بیک موبائل ایپلیکیشن واٹس ایپ، ای میل اور فون کال دستک پلیٹ فارم سے دے سکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے صوبہ بھر میں بھرپور آگاہی مہم چلانے کا بھی حکم دیا ہے تاکہ شہری اپنے حقوق اور دستیاب سہولیات سے باخبر رہ سکیں۔