لاہور(رم نیوز) پنجاب میں کل 'ارتھ آور' منایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے رات ساڑھے 8 بجے روشنیاں بند کرنے کا اعلان کیاہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں 28 مارچ کو عالمی مہم "ارتھ آور" منانے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ اس مہم کا مقصد ماحولیاتی تحفظ، توانائی کی بچت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف عوامی شعور بیدار کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ کے احکامات کے مطابق کل رات ساڑھے 8 بجے سے ساڑھے 9 بجے تک صوبہ بھر میں غیر ضروری روشنیاں بند رکھی جائیں گی۔
مریم نواز نے عوام، بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عالمی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ نئی نسل کو ایک صاف اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ حکومتِ پنجاب نے اس مہم کو منظم انداز میں چلانے کے لیے خصوصی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب پنجاب بھر میں اس مہم کی براہِ راست نگرانی کریں گی۔ سیکرٹری ماحولیات کو اس مہم کے لیے فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے تاکہ تمام اضلاع میں ہم آہنگی برقرار رہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (WWF) کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماحول کو اپنی ترجیحات میں شامل کرنا اب وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا اجتماعی کوششوں کے ذریعے ہی ہم توانائی کے مؤثر اور محتاط استعمال کو فروغ دے سکتے ہیں۔ ارتھ آور صرف ایک گھنٹہ نہیں بلکہ زمین سے محبت کا عہد ہے۔ اس مہم کا بنیادی مقصد شہریوں کو توانائی کے ضیاع سے روکنا اور انہیں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے آگاہ کرنا ہے۔ حکومتِ پنجاب اس اقدام کے ذریعے عالمی برادری کو یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ پاکستان ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔